ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دادری گؤ کشی معاملہ :عدالت نے اخلاق کے خاندان کے 5 افراد کی گرفتاری پر روک لگائی

دادری گؤ کشی معاملہ :عدالت نے اخلاق کے خاندان کے 5 افراد کی گرفتاری پر روک لگائی

Sat, 27 Aug 2016 11:02:17    S.O. News Service

الہ آباد، 26؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)الہ آباد ہائی کورٹ نے آج گوتم بدھ نگر ضلع کے دادری گاؤ ں میں مبینہ گؤ کشی کے واقعہ میں درج معاملے میں محمد اخلاق کے خاندان کے پانچ افراد کی گرفتاری پر روک لگا دی ہے ۔قابل ذکرہے کہ اخلاق کو دادری میں اکثریتی فرقہ کی مشتعل بھیڑ نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا تھا۔جسٹس رمیش سنہا اور جسٹس پی سی ترپاٹھی کی بنچ نے حالانکہ اخلاق کے بھائی جان محمد کو راحت دینے سے انکار کر دیا۔سورج پور ضلع عدالت کی طرف سے گزشتہ ماہ دئی گئی ہدایت کے بعد درج ایف آئی آر میں نامزد 6 لوگوں میں جان محمد بھی شامل تھے ۔بنچ نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ جان محمد اپنے مرحوم بھائی کے ساتھ مبینہ واقعہ میں شامل رہا ہو۔ایف آئی آر میں دوسرے لوگ ، جن کی گرفتاری پر روک لگی ہے، ان میں اخلاق کا بیٹا دانش، ماں اصغری ، بیوی اکرامن، بیٹی شائستہ اور بہو سونا شامل ہیں۔گزشتہ سال 28-29ستمبر کی درمیانی شب کو گائے کا گوشت کھانے کے شبہ میں ہجوم نے گھر میں گھس کراخلاق کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا تھا جبکہ دانش کو شدید چوٹیں آئی تھیں۔عدالت نے ہدایت دیتے ہوئے جان محمد اور دیگر کی طرف سے دائر درخواست کا تصفیہ کیا ۔اس درخواست میں ایف آئی آر کو چیلنج دیتے ہوئے الزام لگایا گیا تھا کہ انہیں غلط طریقہ سے پھنسایا گیاہے۔نچلی عدالت نے سورج پال سنگھ اور دادری تحصیل کے بساہڑا گاؤں کے دیگر باشندوں کی شکایت پر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا ۔شکایت میں فارنسک رپورٹ کے حوالے سے گؤ کشی قانون کے تحت اخلاق کے خاندان پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی گئی تھی ۔


Share: